ذرائع کے مطابق سندھ بھر میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں تاخیر کا خدشہ سامنے آیا ہے، صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے سندھ حکومت کو خط لکھا ہے۔
سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت بورڈز کی گرانٹ ادا نہیں کر رہی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے بورڈز کو 3 ارب سے زائد کی گرانٹ دینی ہے، بورڈز کے پاس ملازمین کی تنخواہ ادا کرنے کی رقم بھی نہیں۔
چیئرمین سکھر بورڈ مجتبیٰ شاہ کے مطابق فوری طور پر گرانٹ نہ ملی تو امتحانات کا انعقاد مشکل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ گرانٹ نہ ملی تو بورڈز کو بھیک مانگ کر امتحانات کروانے ہوں گے۔
حیدرآباد بورڈ کے چیئرمین محمد میمن کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ حکومت کو متعدد بار خط لکھ چکے، مگر ہمارے پاس ان کا کوئی جواب نہیں آتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ادائیگیاں نہ ہونے کے سبب اساتذہ بورڈ کے ساتھ کام کرنے پر رضامند نہیں ہیں۔