آپ نے اکثر اس طرح کے واقعات کے بارے میں خبروں میں پڑھا ہوگا جن میں کرائے کے گھروں یا پھر ہوٹل کے کمروں میں خفیہ کیمروں کے ذریعے لوگوں کی ویڈیوز بنائی جانے کا ذکر ہوتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہوٹل کے کمروں اور کرائے کے گھروں میں لوگوں کی خفیہ ریکارڈنگز کے واقعات آئے روز سامنے آتے رہتے ہیں۔
تاہم ان خفیہ کیمروں سے بچنے یا انہیں تلاش کرنے کا کیا طریقہ ہے۔ اس حوالے سے ایک سابق ہیکر نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے اور آگاہ کیا ہے کہ ان خفیہ کیمروں سے کیسے بچا جاسکتا ہے۔ اور انہیں کیسے ڈھونڈا جاسکتا ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک سابق ہیکر نے ٹک ٹاک پر اپنی ایک ویڈیو میں بتایا کہ کس طرح آپ ہوٹل کے کمروں کے میں موجود خفیہ کیمروں کو تلاش کرسکتے ہیں۔ اور کس طرح آپ خفیہ ریکارڈنگ سے بچ سکتے ہیں۔
مارکس نامی سابق ہیکر نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو میں بتایا کہ جب آپ ہوٹل کے کمرے میں جائیں تو ایک فلیش لائٹ کے ذریعے پورے کمرے اور اس میں موجود مختلف چیزوں کا بغور جائزہ لیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جس جگہ خفیہ کیمرا نصب ہوگا وہاں فلیش لائٹ کے پڑنے سے وہ کیمرا چمک اٹھے گا۔ اور آپ کو کیمرے میں سے نیلے رنگ کی روشنی نظر آئے گی۔ جبکہ کمرے میں رکھی ڈیجیٹل گھڑی کو بھی بغور جائزہ لیا جائے۔ کیونکہ اس میں بھی خفیہ کیمرا نصب ہوسکتا ہے۔ تاہم فلیش لائٹ کے ذریعے آپ اس بات کا پتہ لگا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ فائر الارم یا پھر کھڑکیوں میں بھی خفیہ کیمرا چھپایا جاسکتا ہے۔ مارکس کا مزید کہنا تھا کہ کمرے موجود بجلی کے بورڈ، ہوا کی نکاسی کی جگہ، شیمپو کی بوتل، غرض یہ ہے کہ کمرے میں موجود ہر چیز کا بغور جائزہ لیا جائے کیونکہ ہیکرز کسی بھی جگہ کیمرا چھپا سکتے ہیں۔