“میں بچے کو لینے اوپر سے نیچے آئی تب تک پڑوسن نے میری الماری سے سونے کا قیمتی زیور چرا لیا تھا“
یہ الفاظ کراچی کے علاقے گلشن معمار میں رہنے والی ایسی خاتون کے ہیں جن کے گھر ان کی پڑوسن نے ہی چوری کی ہے۔ کراچی میں بسنے والوں کی مجبوری یہ ہے کہ وہ نہ تو سڑکوں پر خود کو محفوظ تصور کرسکتے ہیں اور اب گھر میں اپنے جاننے والوں کے ہاتھوں بھی چوری اور ڈکیتی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں اس واقعے کی تفصیلات تاکہ ہمارے قارئین بھی اس سے سبق حاصل کریں اور اپنے ارد گرد رہنے والوں سے محتاط ہوجائیں۔
25 لاکھ کے ہیرے اور سونے کے زیورات چوری
اے آر وائی نیوز کے مطابق گلشن معمار کے بلاک زیڈ ٹو میں یہ واقعہ دو دن پہلے پیش آیا جس میں ایک گھر سے 25 لاکھ کے قئمتی زیورات چوری کیے گئے اور جب تحقیقات کی گئیں تو پتا چلا کہ چوری کی یہ واردات کسی اور نے نہیں بلکہ پڑوسن نور سحر نے کی ہے جو ان سے ملنے آئی تھی۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی پڑوسن اسی گھر میں کئی بار چوری کرچکی ہے۔
چوری ہونے والے زیورات کی تفصیل
چوری ہونے والے زیور میں سونے کے علاوہ ہیرے کے زیورات بھی شامل تھے۔ ہیرے کی انگوٹھی، ہیرے کا لاکٹ، ہیروں کے بندے، سونے کے 10 بندے ، 5 سونے کی انگوٹھیاں، تین سونے کی چین۔ ایک سونے کا بریسلیٹ سمیت 3 سونے کے لاکٹ بھی چوری کیے گئے۔ کل ملا کر اس تمام زیور کی مالیت تقریباً 25 لاکھ بنتی ہے۔
پہلے بھی پڑوسن چوری کرتی رہی ہے
گھر کی مالکن کا کہنا ہے کہ پہلے بھی ان کی کافی قیمتی چیزیں چوری ہوتی رہی ہیں جس کی وجہ سے انھوں نے گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگوائے تھے اور ان کیمروں کا بروقت فائدہ بھی نظر آگیا اور پڑوسن کا جرم سامنے آگیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھنے کے بعد ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ بے شک یہ واقعہ گھر والوں کے لئے اس لحاظ سے بھی صدمے کا باعث ہے کہ ان کے گھر میں نقب لگانے والی ان کی اپنی پڑوسن تھیں اور شاید ہی اس واقعے کے بعد اہل خانہ دوبارہ کسی پر بھروسہ کرسکیں۔
شہر میں چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے واقعات
شہر کراچی میں چوری کی یہ ایک بدترین مثال سہی لیکن نئی ہر گز نہیں ہے کیونکہ شہری کافی عرصے سے مسلسل چوری اور ڈکیتی کی واردات کا نشانہ بنتے آرہے ہیں جس میں وہ سڑک، دفاتر اور گھروں میں خود کو محفوظ تصور کرنا چھوڑ چکے ہیں۔ کچھ ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں جن میں چوری کرنے والوں نے معصوم شہریوں کی جان لینے سے بھی دریغ نہیں کیا ہے۔ کافی بار شکایات کرنے کے باوجود صورت حال میں کوئی فرق نہیں آیا ہے بلکہ چوری کی وارداتیں دن بہ دن بڑھتی جارہی ہیں یہاں تک کہ گاڑی چلاتے ہوئے افراد بھی چوروں کے شر سے نہیں بچ پاتے ہیں۔
حکومت شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے
حکومت سے یہی التجا ہے کہ جلد سے جلد اس مشکل کا کوئی سدباب کریں اور پولیس پہلے سے زیادہ متحرک ہو کر شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے اس کے علاوہ گھر کے اندر کے مکین کسی غیر کو گھر میں بلا تکلف گھومنے کی اجازت نہ دیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔