بھارت میں کچھ روز قبل ایک ایسی بچی کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی تھی جس کی 4 ٹانگیں اور 4 بازو ہیں۔ بچی کے والدین نے بھی ویڈیو میں یہ اپیل کی تھی کہ ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ بچی کا مہنگا ترین علاج کروا سکیں۔ ہم اپنی بچی کے ساتھ جہاں بھی جاتے ہیں، ہر کوئی مزاق اڑاتا ہے۔ لیکن بچی کی یہ ٹانگیں اور بازو پیدائشی ہیں اور اس کا علاج نہ صرف مہنگا بلکہ مشکل ترین بھی ہے کیونکہ اس کے جگر اور گردوں کی نالیاں اضافی بازوؤں سے جڑی ہوئی ہیں۔
اس بچی کے جہاں بھارت میں چرچے عام ہوئے وہیں اداکار سونو سود جو سماجی کارکن بھی ہیں اور لوگوں کی مدد کرنے میں خوب پیش پیش رہتے ہیں انہوں نے بچی کی مدد کے لئے اپنی جانب سے لاکھوں روپے امداد دی اور بچی کا علاج شروع کروادیا۔ اس حوالے سے انہوں نے ٹوئٹر پر بچی کی علاج کے وقت کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ علاج شروع ہو چکا ہے، والدین گھبرائیں نہیں جلد ہی بچی ٹھیک ہو جائے گی۔
جس پر صارفین تو اداکار سونو سود کی تعریف کر تے ہوئے کہتے ہیں کہ آج کے دور میں کوئی کسی کی مدد بناء کسی غرض کے نہیں کرتا ہے۔ بچی سے متعلق سونو سود نے کہا کہ میں کیسے کسی کی بچی کو تکلیف میں دیکھ سکتا ہوں؟ جب میں مدد کرنے کا ہاتھ بڑھا سکتا ہوں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ جلد از جلد ضرورتمندوں کی مدد کروں۔ بچی کا بروقت علاج نہ ہوا تو وہ موت کے منہ میں چلی جائے گی۔ میں نہیں چاہتا کہ ایسے تڑپ تڑپ کر کسی کی بچی اپنی زندگی کی بازی ہار جائے۔ میری کوشش ہے کہ بچی کے اضافی 2 ہاتھ اور 2 ٹانگوں کا علاج بروقت ہو جائے۔