میاں بیوی ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہوتے ہیں، کوئی ایک تکلیف میں ہو تو دونوں کو احساس ہوتا ہے۔ یہ رشتہ ہی کچھ منفرد ہے، آپس میں بحث و تکرار بھی ہوتی ہے لیکن محبت بھی بڑھتی ہے۔ جب شوہر بیمار پڑ جائے تو بیویاں پریشان ہو جاتی ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر جلد از جلد صحتیاب ہو جائیں۔ لیکن جب وہ کسی سنگین مرض میں مبتلا ہو جائیں اور جلد صحتیابی ممکن نہ ہو تو بیگمات کا حوصلہ دیدنی ہوتا ہے۔ وہ گھر بھی بخوبی سنبھال رہی ہوتی ہیں، شوہر کی تیمارداری بھی کرتی ہیں اور ہر وقت خدا سے شوہر کی لمبی عمر اور صحتیابی کے لیے دعائیں مانگتی ہیں۔
بھارت کے مشہور ڈرامہ سٹار سورج تھاپر کو کورونا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ان کے 70 فیصد پھیپھڑے بالکل خراب ہوگئے تھے، وہ مستقل ہسپتال میں تھے۔ سانس لینے کی تکلیف حد سے زیادہ بڑھ گئی تھی۔ اس دوران ان کی بیوی ٹرپتی نے منت مانگی تھی کہ اگر میرا شوہر بالکل ٹھیک ہو جائے گا تو میں گنجی ہو جاؤں گی اور اپنے بالوں کو اپنے خدا کی خدمت میں عطیہ کر دوں گی جن کو بعد میں کسی کینسر کے مریض کو لگا دیئے جائیں تاکہ اس کا بھی بھلا ہو۔ ٹرپتی کے بال لمبے، گھنے اور سیاہ تھے۔ لیکن اپنے شوہر کی طبیعت ٹھیک ہونے پر انہوں نے اپنا سر منڈوالیا۔
سورج اور ٹرپتی کی پسند کی شادی ہوئی تھی۔ ان کی شادی 2012 میں ہوئی اور اب دو بیٹے بھی ہیں۔ اداکار سورج کی عمر 51 سال ہے جبکہ ان کی بیوی ٹرپتی ان سے کئی سال چھوٹی ہیں۔ یہ دونوں ایک ساتھ بھارتی ڈرامے میں کام کر رہے تھے، جہاں سورج کی جانب سے ان کو شادی کے لیے پیغام دیا گیا۔ ٹرپتی نے اس پروپوزل کو 4 سال بعد قبول کیا اور پھر دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
ٹرپتی اور سورج کی یہ محبت دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی رشک کر رہے ہیں۔ ایسی منت کم ہی خواتین اپنے شوہروں کے لیے مانگتی ہیں اور ٹرپتی نے واضح مثال قائم کی ہے۔