“پاپا نے بھائی سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ان کو مرنے کے بعد جاپان میں ہی دفن کیا جائے۔ ان کی تصویر نہ بنائی جائے نہ ہی میڈیا کو ان کے انتقال یا تدفین کی کوئی تصویر ملے“
یہ کہنا ہے مرحوم اداکار تنویر جمال کی بڑی صاحبزادی حنا نتاشا واگوری سید کا۔ تنویر جمال کا انتقال کچھ عرصے پہلے ہوا ہے۔ انتہائی مشہور اداکار ہونے کے باوجود ان کی نجی زندگی کے بارے میں عوام زیادہ نہیں جانتے۔ تنویر جمال نے ایک جاپانی خاتون موتوکو واگوری سید سے شادی کی اور ان کے تین بچے حنا نتاشا واگوری سید، بیٹا ریو جبران واگوری سید اور ایک اور بیٹی مایا ردا واگوری سید ہے۔
تنویر جمال کی صاحبزادی کی والد سے محبت
حنا نے والد کی وفات کے بعد جنگ گروپ کو ان کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کے بارے میں تفصیل سے کچھ باتیں بتائی ہیں جن میں سے کچھ ہم یہاں اپنے قارئین کے لئے شئیر کررہے ہیں۔
آخری وقت میں پاپا کو نہ دیکھ سکی۔۔
حنا لکھتی ہیں کہ ان کے والد کوکو کورینا گیت بہت گنگناتے تھے اور اسی وجہ سے انھیں بھی یہ گیت یاد ہوگیا۔ وہ میرے بیٹے سے بہت زیادہ قریب تھے اور اس سے کھیلتے تھے۔ میری ان سے آخری ملاقات اتوار کو ہوئی پھر فون آیا کہ ان کی طبعیت ٹھیک نہیں جان کو خطرہ ہے۔ میں نے پاپا سے روتے ہوئے ہا کہ “میرے آنے تک رکیے گا جائیے گا نہیں“ مگر جب میں پہنچی تو پاپا ہمیشہ کے لئے جاچکے تھے۔ مجھے بہت تکلیف ہوئی کہ میں وقت پر نہیں پہنچ سکی۔ لیکن پھر سوچا کہ میں آخری وقت میں اپنے پاپا کو تڑپتے نہیں دیکھ سکتی تھی اور شاید وہ بھی آرام سے دنیا سے نہ جاپاتے۔ انتقال کے بعد ان کے چہرے پر ایسا سکون تھا جیسے وہ سو رہے ہوں۔
میری پہلی شادی ناکام ہوئی تو پاپا بہت پریشان رہتے تھے
حنا نے نجی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ “جب میری پہلی شادی ناکام ہوئی تو پاپا بہت پریشان رہتے تھے لیکن 2 سال پہلے میری شادی پاکستان میں ہوئی تو پاپا خوشی سے رونے لگے۔ مجھے یقین نہیں آتا کہ میرے پیار کرنے والے پاپا اب دنیا سے جاچکے ہیں لیکن مجھے فخر ہے کہ میں تنویر جمال کی بیٹی ہوں۔