معروف اداکار مانی نے بھیک مانگنے کیلئے جعلی چوٹیں بنانے والے پیشہ ور بھکاریوں کا بھانڈا پھوڑ دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اداکار مانی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کچھ خواتین بھیک منگوانے کیلئے بچوں کو جعلی چوٹیں بنا کر پٹیاں باندھ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ جگہ جگہ لوگوں کو مجبوریوں کے قصے سناکر اور اپنی فرضی چوٹیں دکھا کر بیوقوف بناکر پیسے اینٹھنے والے یہ بھکاری ضرورت مند نہیں بلکہ پیشہ ور گداگر ہوتے ہیں۔
پیشہ ور بھکاریوں کو باقاعدہ بھیک مانگنے کی تربیت دی جاتی ہے اور یہاں جو جتنی بری اور خستہ حالت میں ہوگا اس کا دام بھی اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے کیونکہ اس کی ظاہری حالت کو دیکھ کر لوگ ترس کھاکر زیادہ پیسے دیتے ہیں۔
گداگری میں بچوں کو خاص اہمیت خاصل ہوتی ہے کیونکہ لوگ بچوں کو دیکھ کرزیادہ ترس کھاتے ہیں۔ جن بھکاریوں کے اپنے بچے ہوتے ہیں ان کی تو کمائی ڈبل ہوجاتی ہے ۔
جس طرح کوئی دکاندار اپنی اشیاء کو سجا کر خریداروں کو راغب کرتا ہے اسی طرح یہ پیشہ ور بھکاری دردناک چوٹیں، معذوری اور زخم دکھا کر لوگوں کے جذبات سے کھیلتے ہیں۔
افسوس کی بات تو یہ ہے کہ درد ناک چوٹیں، معذوری اور زخم سب فرضی ہوتے ہیں اور اس کیلئے جسم پر اکثر پٹیاں باندھ کر اوپر پائیوڈین ڈال دیا جاتا ہے یا مختلف طریقوں سے فرضی چوٹیں اور رپورٹس دکھا کر لوگوں کو بیوقوف بنایا جاتا ہے۔