پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار انور علی شوبز کی رنگینوں کی چھوڑ کر اسلام کی تبلیغ میں وقت صرف کرنے لگے، ماضی کے معروف اداکار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
انور علی کو70، 80اور 90کی دہائی میں ڈرامہ اندھیرا اجالا۔ ابابیل ۔ہوم سویٹ ہوم سمیت کئی ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری کرتے دیکھا گیا۔ انور اسٹیج ڈراموں میں بھی کام کرتے رہے لیکن اب کافی عرصہ سے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ کر دین کے رستے کو اپنا چکے ہیں۔
اداکار انور علی نے الحمرا ہال اسٹیج ڈراما ” شادی کا لڈو “ میں پرفارم کر کے ایک ہزار ڈراموں میں کام کرنے کا سنگ میل عبور کیا تھا۔ انور علی نے اپنے 38سالہ فنی کیریئر کے دوران ٹی وی اور تھیٹر پر انتہائی یادگار کردار ادا کیے ۔ انور علی پاکستان کے پہلے اداکار ہیں جنھوں نے ایک ہزاد ڈراموں میں اداکاری کی۔
انور علی نے اسٹیج ڈراموں میں بے ہودگی بڑھنے کی وجہ سے اپنے کیریئر کے عروج میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے دین کی تبلیغ کیلئے خود کو وقف کردیا جبکہ رمضان میں تراویح بھی پڑھاتے ہیں اور کئی سال سے تراویح پڑھنے کے لئے الحمراء کی مسجد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
انور علی الحمراء مال روڈ کی مسجد میں نماز تراویح ادا کرنے کے لئے روزانہ اپنے گھر ماڈل ٹائون سے آتے ہیں اور دیگر اداکاروں کے ساتھ ملکر نماز تراویح ادا کرتے ہیں۔