پاکستان کے ٹی وی ڈرامے ہمیشہ سے پوری دنیا میں مقبول رہے ہیں، پی ٹی وی کے دور میں ایک قسط کیلئے ہفتہ ہفتہ انتظار کرنا پڑتا تھا اور ڈرامے کے وقت گلیاں سنسان، بازار ویران ہوجاتے تھے، آج ہم ماضی کے 10 یاد گار ڈراموں کے بارے میں بات کرینگے۔
پی ٹی وی کے قیام کے بعد پاکستان میں انٹرٹینمنٹ کے نئے دور کا آغاز ہوا، ٹی وی پر چلنے والے ڈرامے لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے تھے، خواتین ہی نہیں بلکہ مرد بھی اپنے پسندیدہ کرداروں کی نقل کرتے اور انہی کی طرز کا لباس پہننے کی کوشش کرتے۔ڈراموں میں اداکاراؤں کے لباس خواتین میں بہت مقبول تھے۔
فنکار اپنے کردار میں ایسا ڈوب کر نبھاتے کہ وہ کردار اکثر انکی ذات کا حصہ بن جاتا۔ پاکستان میں ماضی کے کئی فنکار اپنے لازوال کرداروں کی وجہ سے ہی پوری زندگی مقبول رہے۔
پی ٹی وی نے یوں تو سیکڑوں ڈرامے پیش کئے لیکن خدا کی بستی، وارث، دھواں، ہوائیں، دھوپ کنارے، دشت، جانگلوس، لنڈا بازار، سونا چاندی، اندھیرا اجالا نے بہت زیادہ شہرت حاصل کی، یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ جانگلوس کے دوران ہی اداکار سلیم ناصر انتقال کرگئے تھے۔
ڈرامے کے دوران تمام کام ٹھپ ہوجاتے،گلیاں سنسان، بازار ویران ہوجاتے تھے، ان ڈراموں کی ہفتے میں ایک قسط نشر ہوتی تھی اور اس قسط میں بھی طویل وفقہ ہوتا تھا لیکن شائقین ٹی وی پر نظر جمائے بیٹھے رہتے تھے۔
آج کے تیزرفتار دور میں گوکہ لوگوں کے پاس ٹی وی دیکھنے کیلئے زیادہ وقت نہیں لیکن ماضی کے ان ڈراموں کی یادیں ذہنوں میں آج بھی محفوظ ہیں۔