ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کی پوتی و ایشوریا اور ابھیشیک بچن کی بیٹی آرادھیا نے جعلی خبروں کیخلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔
ایشوریا کی بیٹی 11 سالہ آرادھیا اپنی صحت سے متعلق جعلی خبریں نشر کرنے پر یوٹیوب چینل کے خلاف عدالت پہنچیں جس پر عدالت نے کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا۔
واضح رہے کہ کوئی واضح روک ٹوک اور چیکنگ نہ ہونے کی وجہ سے سوشل میڈیا چینلز پر من گھڑت اور بے بنیاد خبروں کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔
پیسوں کے لالچ میں لوگ بغیر تحقیق بے سروپا باتوں کو خبر کی شکل میں یوٹیوب پر ویڈیو کی شکل میں پھیلا دیتے ہیں جس سے متعلقہ افراد کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر آرادھیا بچپن کی صحت کے حوالے سے بے بنیاد خبریں وائرل تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے تنگ آکر اپنے وکیل کے ذریعے عدالت میں درخواست دی۔
عدالت نے یوٹیوب پر جعلی خبریں پھیلانے کے حوالے سے کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے اور ممکن ہے کہ جعلی خبریں پھیلانے والے چینلز کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔