اداکارہ فضاء علی نے عید شو پر بات کرتے ہوئے ایک حیرت انگیز انکشاف کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ عید کے دن اپنے پہلے شوہر کے گھر جاتی ہیں، ان کے گھر کھانا بھی پکا کر بھیجتی ہیں اور ان کی پہلی ساس بھی ان کو مزے مزے کے کھانے پکا کر بھیجتی ہیں۔ یہ حیرت انگیز اس وجہ سے ہے کیونکہ پاکستانی معاشرے میں جب کسی کی طلاق ہو جاتی ہے تو خاندان آپس میں ایک دوسرے کو دوہائیاں ہی دیتے رہتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ میری بیٹی عید کے دن اپنے باپ کے پاس لازمی جاتی اور ان کے ساتھ گھومتی پھرتی ہے اور عید سے دو روز قبل جانے کی تیاریاں کرتی رہتی ہے، سب بچوں اور اپنے دوستوں کے لیے عید کے چھوٹے چھوٹے تحفے بناتی ہے اور پیکنگ کرواتی ہے وہ جاتی اپنے باپ کے گھر پر ہے لیکن اتنی معصوم ہے کہ خرچہ میرا کرواتی ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وقت گزر گیا لیکن مُحبتیں اور عزتیں قائم ہیں آج بھی۔ ایک دوسرے کے ساتھ مل جُل کر رہنے کا نام ہی عید ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک مرتبہ رمضان میں ڈاکٹر کے پاس گئی تو پارکنگ میں میرا ایک خاتون سے جھگڑا ہوگیا اور اس نے مجھے بہت مارا لیکن پھر وہ معاملہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے جس قدر مجھے بُرا کہا وہ میری اپنی سوچ سے بھی بالاتر تھا۔