بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے کپڑوں کا کاروبار شروع کردیا، کلیکشن کی لانچنگ کی تاریخ بھی سامنے آگئی، تشہیری ویڈیو میں باپ بیٹے کو دیکھ کر مداح خوشی سے نہال، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
امریکا سے فائن آرٹس، سینما ٹک آرٹس، فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کرنے والے آریان خان اپنے والد شاہ رخ کی طرح اداکاری کرنے کے بجائے کیمرے کے پیچھے صلاحتیں دکھانے کا شوق رکھتے ہیں۔
ڈیاول کی اشتہاری ویڈیو کے ساتھ آریان خان نے بالی ووڈ میں بطور ہدایتکار اپنے کیریئر کا آغاز بھی کیا ، اس ویڈیو میں آریان خان اپنے برانڈ کے لوگو کا انتخاب کرتے ہوئے مشکل میں دکھائی دیتے ہیں جبکہ شاہ رخ خان کو بیٹے کی مدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
آریان خان 30 اپریل کو لیٹی بلاگوئیوا اور بنٹی سنگھ کے ساتھ ایک محدود اسٹریٹ ویئر برانڈ ریلیز کرنے جارہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اسٹاک محدود ہے اس لئے دیر مت کریں۔
اس ویڈیو کے ساتھ شاہ رخ خان اپنے بیٹے کے برانڈ کے سفیر بن گئے ہیں جبکہ اس سے پہلے اننیا برلا، اکشا کیرونگ اورپی وی سندھو بھی برانڈ ایمبیسیڈر بن چکے ہیں۔