گووندا کی فلم میں جورو کا غلام بن کے رہوں گا کو انسانوں کے ساتھ ساتھ شائد جانوروں نے بھی زیادہ ہی سنجیدہ لے لیا ہے، بازار میں چلتے ہوئے زور سے آواز دیں "رن مرید " 10 میں سے 8 بندے مڑ کر دیکھیں گے پھر بھی عورتوں کو شکایت رہتی ہے۔
آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ صرف انسان ہی نہیں بلکہ جنگل کے خونخوار جانور بھی جورو کے غلام بن کر رہتے ہیں۔ آپ پولیس افسر ہوں یا بیوروکریٹ، عام مزدور ہوں یا کروڑ پتی۔ بیوی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اس سے پہلے کہ ہم آپ کو جورو کے غلام جانوروں کا بتائیں ایک مزیدار بات بھی آپ سے شیئر کرتے ہیں۔
ایک بارہوا کچھ یوں کہ ایک ٹیچر ترقی پا کر ہیڈ ماسٹر بن گئے تو اگلے دن ہی اسکول میں بڑا سا بورڈ آویزاں کردیا۔
جسے پڑھ کر سب کی جان ہی نکل گئی ۔۔۔ یہاں میں باس ہوں ۔۔۔ صرف میرا ہی حکم چلے گا ہمیشہ یاد رکھنا اور اپنی اوقات میں رہنا، ہیڈ ماسٹر باتھ روم گئے، جب واپس آفس میں داخل ہوئے تو میز پر ایک کاغذ پر پیغام لکھا ہوا تھا، آپ کے گھر سے آپ کی بیگم کا فون آیا تھا۔ انہوں نے پیغام دیا ہے کہ کچن کے دروازے سے جو بورڈ اُتار کر لے گئے ہو وہ شرافت سے واپس لے آنا۔
مطلب آپ چاہے جنگل میں رہتے ہوں یا گھر میں یہاں اصل باس بیوی ہی ہوتی ہے۔ تو آیئے آپ کو رن مرید جانوروں سے بھی ملواتے ہیں۔
ہاتھی
اس وقت زمین پر موجود سب سے بڑے جانوروں میں سے ایک اور انتہائی خطرناک سمجھا جانے والا ہاتھی۔ چاہے دوسروں پر دہشت کی دھاک بٹھا دیتا ہو لیکن اپنی مادہ یعنی جورو کے سامنے بھیگی بلی بنا رہتا ہے۔
لیمر
ویسے تو اکثر کچھ انسانوں کی حرکتیں دیکھ کر بندر کا گمان ہوتا ہے ایسا ہی ایک جانور بھی ہے جس کا نام لیمر ہے اور یہ بندروں میں دودھ پلانے والی ایک نسل ہے۔ درختوں پر اچھل کود کرکے دوسروں کی ناک میں دم کرنے والا لیمر بھی اپنی جورو کے سامنے بولنے کی جرات نہیں کرسکتا۔
اورکا
سمندری مخلوق میں سب سے بڑی اور خطرناک شکاری سمجھی جانے والی اورکا قاتل وہیل یا ڈولفن کے خاندان سے تعلق رکھنے والی خوفناک مچھلی ہے۔ اورکا اپنے شکار کو موقع دیئے بغیر موت کے کے گھاٹ اتار دیتی ہے لیکن اس خطرناک جانور کا حال بھی انسانوں جیسا ہی ہے یہاں بھی حکمرانی عورت یعنی مادہ کی ہی ہوتی ہے۔
رانی مکھی
شہد کی مکھیاں کا تصور کرکے ہی آپ کے رونگٹے کھڑے ہوسکتے ہیں کیونکہ شہد کی مکھی کا ڈنک جسے لگ جائے اسے نانی یاد آجاتی ہے لیکن آپ کو مزے کی بات بتاتے ہیں کہ اس خطرناک مکھی میں بھی حکمرانی مادہ کی ہوتی ہے نر بے چارے کی یہاں بھی نہیں چلتی اس لئے وہ شائد انسانوں کو ڈنک مار مار کر مادہ سے پڑنے والی جھڑکیوں کا بدلہ لیتا ہے۔
آپ کو سب سے خطرناک جانورکی رن مریدی کے بارے میں بتاتے ہیں۔
شیر
شیر جنگل کا بادشاہ ہوتا ہے اور شیر کی ایک دھاڑ سے پورے جنگل میں کھلبلی مچ جاتی ہے لیکن رکو زرا صبر کرو یہاں حالت شیر کی بھی انسانوں سے کسی طرح کم نہیں کیونکہ جنگل میں بادشاہ بھلے ہی شیر ہو لیکن اسی شیر کی گھر میں بالکل نہیں چلتی ہے اور یہاں بھی حکمرانی عورت یعنی شیرنی کی چلتی ہے۔
شیروں کے خاندان میں شیرنی ہی انچارج ہوتی ہیں، وہ عملاً ہمیشہ گروہ کی نقل و حرکت کی رہنمائی کرتی ہیں اور شکار کرنے اور شکار کو تقسیم کرنے اور علاقے کے دفاع میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔