اپنے منفرد انداز کی وجہ سے مشہور گلوکار چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ میرے مداحوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے اور بار بار شادی کی پیشکش ہورہی ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا کہ اگر ٹوئٹر پر لائیو آجاؤں تو 70 فیصد مجھے دیکھنے والی خواتین ہوتی ہیں ،مداح خواتین کا تناسب مرد مداحوں سے زیادہ ہے۔6 سے 7 دفعہ خواتین براہ راست مجھے شادی کی آفر کرچکی ہیں۔
چاہت فتح علی خان کے نام سے مشہور گلوکار کا نام کاشف رانا ہے، اپنے منفرد انداز میں گانے کی وجہ سے اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔ ان کے ایک تفریحی گانے کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
لندن میں رہنے والے چاہت فتح علی خان نصرت فتح علی خان کے مداح اور انہیں اپنا روحانی استاد مانتے ہیں، اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید اسکول میں ان کی کپتانی میں کھیلتے تھے۔
اب ان کا کہنا ہے کہ ان کے مداحوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے اور 6 سے 7 بار خواتین انہیں براہ راست شادی کی پیشکش کرچکی ہیں۔