آج کل سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کا شوق لوگوں کے سر چڑھ کے بول رہا ہے، جسے دیکھو کچھ نہ کچھ کر کے اپنے لائکس اور فالوورز بڑھانا چاہتا ہے، ایسے میں وہ اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔
اسی سے متعلق ایک افسوس ناک خبر بھارت سے آئی ہے، جہاں چند لائکس اور ویوز کی خاطر تیز رفتار موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرنے والا معروف بھارتی یوٹیوبر آگستے چوہان جان لیوا حادثے کا شکار ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 1.2 ملین سبسکرائبرز کا حامل یوٹیوبر آگستے چوہان کے ساتھ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ آگرہ سے دہلی بذریعہ یمنا ایکسپریس وے سفر کر رہا تھا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق، آگستے سپر بائیک پر 300 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جو اسکی خواہش تھی اور ساتھ ہی اپنے یوٹیوب چینل کے لئے ویڈیو ریکارڈنگ میں بھی کر رہا تھا، جس کی وجہ سے یوٹیوبر نے تیز رفتار بائک پر سے کنٹرول کھو دیا اور یہ حادثہ پیش آگیا۔
حادثے کے نتیجے میں یوٹیوبر کا ہیلمٹ بھی ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا، اس کی موت سر پر چوٹ لگنے کے باعث ہوئی۔ اسکی موت کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس کے بعد اس کے فالوورز رنج و غم میں مبتلا ہیں اور ایک دوسرے کو تیز رفتاری سے بعض رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔