ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کی ایک ایسی شخصیت ہیں جن کی لیڈر شپ کو آج بھی بہت لوگ مانتے ہیں۔ ان کا انداز، ان کا کردار، ان کی تقاریر اب بھی لوگوں کے ذہنوں میں نقش ہے۔
پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے صدر ، وزیر اعظم ، وزیر خارجہ ، وزیر دفاع ، وزیر داخلہ اور بطور اسپیکر مختلف حیثیتوں میں ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کیا۔ آئین پاکستان کی تشکیل سے لیکر ملک کو ایٹمی طاقت بنانے تک کا یہ سفر 1979 میں بھٹو کی پھانسی پر ختم ہوا۔
اب ان پر ایک فلم بنائی جارہی ہے۔۔ لیکن یہ فلم پاکستان نہیں بلکہ بھارت بنا رہا ہے، پر اس میں ان کا کردار کون نبھائے گا؟
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا کردار معروف بھارتی اداکار دلیپ تاہل فلم "آئی بی 71" میں نبھائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ڈائریکٹر سنکلپ ریڈی کی فلم "آئی بی 71" میں دلیپ تاہل کے علاوہ انوپم کھیر، وشال جیٹھوا، ودیوت جموال ودیگر شامل ہیں۔
اداکار دلیپ تاہل اس سے پہلے مختلف فلموں میں بھارتی وزیراعظم جواہر لال نہرو کا کردار نبھا چکے ہیں۔
ذوالفقار علی بھٹو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ، کہ میرے لیے یہ کردار ادا کرنا ایک مشکل چیلنج سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلم سے قبل میں نے بھٹو کی شخصیت، ان کی چال ڈھال، تقریر کرنے اور بولنے کے انداز کو سمجھنے کے لیے مہینوں تک ریسرچ کی ہے، تاکہ بھٹو کے کردار میں ان کی شخصیت اور دونوں ممالک کے درمیان موجود ثقافتی ماثلت کے ساتھ انصاف کر سکوں۔
فلم 12 مئی کو سینیماؤں کی زینت بنے گی۔