’شہری گھروں میں رہیں‘، جنوبی چین میں 70 سے زائد مگرمچھ لاپتہ

image
جنوبی چین کے شہر ماؤمنگ میں سمندری طوفان ہائیکوئی سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے سبب ایک فارم سے 70 سے زائد مگرمچھ لاپتہ ہو گئے ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق ماؤمنگ میں حکام نے فارم سے لاپتہ ہو جانے والے مگرمچھوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور قریبی آبادی میں رہنے والے افراد کو اپنے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق لاپتہ ہونے والے مگرمچھوں میں 69 بڑے اور چھ چھوٹے ہیں جبکہ ماؤمنگ میں شعبہ ایمرجنسی سے منسلک حکام اب تک صرف آٹھ مگرمچھوں کو پکڑ پائے ہیں۔

سمندری طوفان ہائیکوئی پچھلے ایک ہفتے سے جنوبی ایشیا میں تباہی مچائے ہوئے ہے اور اس کے نتیجے میں اب تک سات ہلاکتوں کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق مگرمچھوں کے غائب ہو جانے کے بعد اب تک کسی شہری کے ہلاک ہونے یا زخمی ہونے سے متعلق کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

’گلوبل ٹائمز‘ کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں مگرمچھوں کو فارم کے اطراف میں دیکھا جا سکتا ہے۔

Be cautious of crocodiles! The local emergency department of Maoming, in South China's Guangdong, warned on Mon after around 70 crocodiles escaped from flooded pools on a farm. Many cities in Guangdong have experienced torrential rains since Thurs due to #TyphoonHaikui. pic.twitter.com/iL7f9h8YRz

— Global Times (@globaltimesnews) September 11, 2023

شہری انتظامیہ کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے ایک رکن نے چین کے سرکاری اخبار کو بتایا کہ ’صورتحال ابھی قابو میں ہے لیکن فرار ہونے والے مگرمچھوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔‘

فارم سے لاپتہ ہونے والے مگرمچھ ’سیامی‘ نسل کے ہیں اور تازہ پانی میں نشوونما پاتے ہیں جبکہ ان کی جسامت 10 فُٹ تک لمبی ہو سکتی ہے۔

شعبہ ایمرجنسی کے ایک اور رُکن نے میڈیا کو بتایا کہ ان مگرمچھوں کا اوسطاً وزن 75 کلوگرام ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’پکڑے گئے مگرمچھوں کو گولی مار کر مارا گیا ہے۔‘

چین میں مگرمچھوں کی کھال اور گوشت کو دوا بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ جنوبی چین کو مگرمچھوں کی افزائش کے لیے ایک اچھا علاقہ تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ گرم علاقہ ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts