انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔
سنیچر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اب سے کچھ دیر پہلے تک انگلینڈ نے 26 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا لیے تھے۔اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 286 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے 47، سٹیو سمتھ نے 44 اور مارکس سٹوئنس نے 35 رنز بنائے۔انگلینڈ کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے کرس ووکس نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارک وُڈ اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔یہ میگا ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا ساتواں میچ ہے۔اس سے پہلے آسٹریلیا نے اس ورلڈ کپ میں چھ میچ کھیلے ہیں جس میں انہیں چار میں جیت اور دو میں شکست حاصل ہوئی ہے۔اسی طرح انگلینڈ نے اس میگا ایونٹ میں چھ میچ کھیلے ہیں جس میں انہیں پانچ میں شکست اور ایک میں جیت حاصل ہوئی ہے۔اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو آسٹریلیا 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور انگلیںڈ صرف دو پوائنٹس کے ساتھ دسویں یعنی سب سے آخری نمبر پر ہے۔اگر اس میچ میں انگلینڈ کو شکست ہوتی ہے تو وہ ورلڈ کپ سے باہر ہو جائیں گے جبکہ آسٹریلیا کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات مزید روشن ہو جائیں گے۔