مراکش نے ایک سنسنی خیز فائنل میں اردن کو اضافی وقت میں شکست دے کر فیفا عرب کپ 2025 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
قطر میں کھیلے گئے اس تاریخی میچ نے مراکش کی فٹ بال تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کردیا جہاں انہوں نے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر کے عالمی سطح پر نام کمایا تھا۔
یہ فائنل اسی عظیم الشان لوسیل اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جہاں ٹھیک تین سال قبل ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2022 کا تاریخی فائنل کھیلا گیا تھا۔
مراکش نے فائنل میں اردن کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میچ کے چوتھے ہی منٹ میں مراکش کے اسامہ تنان نے اپنے ہاف سے ایک ناقابل یقین لانگ رینج گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر علی علوان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مسلسل دو گول داغے اور کھیل ختم ہونے سے چند منٹ قبل اردن کو برتری دلا دی۔
جب اردن کی جیت یقینی نظر آ رہی تھی تب مراکش کے اسٹار اسٹرائیکر عبدالرزاق حمد اللہ نے آخری لمحات میں گول کر کے مقابلہ برابر کردیا اور میچ کو اضافی وقت میں لے گئے۔
حمد اللہ نے 100 ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور میچ کا فیصلہ کن گول کر کے مراکش کو فتح دلوا دی۔ طارق سکتوئی کی زیرِ نگرانی مراکش کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں بہترین دفاعی لائن کے ساتھ کھیلی جس نے فائنل سے پہلے پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول کھایا تھا۔
دوسری جانب اردن کی ٹیم نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی جو آئندہ سال پہلی بار فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ یہ ٹورنامنٹ قطر کے قومی دن کے موقع پر اختتام پذیر ہوا جس نے خلیجی ریاست میں فٹ بال کے ایک شاندار سیزن کو مکمل کیا۔
اس فائنل سے ایک روز قبل پیرس سینٹ جرمین (PSG) نے فلیمنگو کو ہرا کر فیفا انٹرکانٹینینٹل کپ 2025 جیتا۔ تین ہفتے قبل پرتگال نے فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ 2025 کا ٹائٹل جیتا۔
فیفا عرب کپ 2025 میں عرب دنیا کی 16 افریقی اور ایشیائی ٹیموں نے حصہ لیا اور تمام میچز ان 6 اسٹیڈیمز میں کھیلے گئے جو 2022 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرچکے تھے۔ اٹلس لائنز (مراکش) کی یہ فتح ان کی فٹ بال کی دنیا میں مسلسل بڑھتی ہوئی برتری کا ثبوت ہے۔