خیبر پختونخوا حکومت کی وفاق سے افغان فنکاروں کو واپس نہ بھیجنے کی سفارش

image

خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے صوبے میں موجود افغان فنکاروں کو واپس نہ بھیجنے سے متعلق وفاق سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعے کو نگراں کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ افغان فنکاروں کو ڈی پورٹ ہونے سے روکنے کے لیے وفاقی حکومت سے سفارش کی جائے گی۔

نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال نے اردو نیوز کو بتایا کہ افغان فنکاروں کو افغانستان نہ بھیجنے کی سفارش کی گئی ہے اور اس حوالے سے وفاق اور اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر سے بات چیت چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس میں ایسے افراد بھی شامل ہے جن کی جان کو افغانستان میں خطرہ ہے۔ ایسے تمام افراد کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔‘

واضح رہے کہ افغان فنکاروں کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں پاکستان سے نہ نکالنے کی درخواست بھی زیر سماعت ہے۔

اب تک کتنے غیرملکی رضاکارانہ طور پر واپس گئے؟خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر فیروز جمال کے مطابق اب تک ایک لاکھ 50 ہزار افغان تارکین وطن طورخم کے راستے واپس گئے تھے۔ ان کے مطابق یومیہ 10 ہزار افغان باشندے طورخم پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یکم نومبر سے اب تک 117 غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے جبکہ پنجاب سے بھی دو گاڑیوں میں 84 افغانی باشندے ڈی پورٹ کیے گئے۔

بیرسٹر فیروز جمال کا کہنا تھا کہ ایک افغان شہری پر سات سے 8 ہزار روپے کا خرچہ آ رہا ہے۔ اس لیے محکمہ ریلیف کے لیے سات کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں تاہم تارکین وطن کے انخلا کے مجموعی اخراجات کی مد میں ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کیا جائے گا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US