انگلی میں چوٹ، بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن ورلڈ کپ سے باہر

image

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن انگلی میں فریکچر ہونے کے باعث آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق بنگلہ دیشی کپتان ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ سے قبل انگلی میں فریکچر ہونے کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

شکیب الحسن آج (منگل کو) واپس ڈھاکہ روانہ ہو جائیں گے جبکہ باقی بنگلہ دیشی تیم نئی دہلی سے پونے روانہ ہوگی جہاں بنگلہ دیش نے 11 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔

خیال رہے بنگلہ دیش کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے۔

شکیب الحسن کو انگلی میں چوٹ پیر کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں دوران بیٹنگ لگی۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے ڈاکٹر کے مطابق شکیب الحسن کو سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کرنے کے آغاز میں انگلی پر چوٹ لگی۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد مسلسل کرکٹ ہیڈلائنز کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں ایک بڑا تنازع اس وقت دیکھنے میں آیا جب شکیب الحسن نے سری لنکن بیٹر انجیلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ کر دیا جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی تھی۔

اس کے بعد پورے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر کئی مرتبہ لفظی گولہ باری کی اور میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ بھی نہ ملائے۔

اس میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد سری لنکا بھی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں بنگلہ دیشی کپتان 2 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 82 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts