خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، پالیسی سطح کے مختلف اقدامات اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ

image
اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا دو روزہ اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید کی زیرِ صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں پالیسی سطح کے مختلف اقدامات اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطحی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس کے پہلے روز متعلقہ وزارتوں نے مختلف منصوبوں اور متعلقہ پہلوئوں پر پیشرفت پیش کی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی سفارشات کیں۔کمیٹی نے مختلف شعبوں میں مجموعی پیشرفت اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مقامی اور عالمی سطح پر اقتصادی روابط کو بھی سراہا۔کمیٹی نے متحدہ عرب امارات اور کویت کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں اور فریم ورک کے معاہدوں کے تحت بینک کے قابل عمل منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے حوالےسے پیشرفت کا جائزہ لیا۔

کمیٹی نے وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ ان معاہدوں کو منافع بخش بنانے کے لیے متعلقہ کام کو تیز کریں۔کمیٹی نے اہم شعبوں میں حال ہی میں شروع کیے گئے اقدامات کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو سرمایہ کاری پر راغب کرنے کے لیے بروقت عمل درآمد کی ہدایت کی۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US