چھ ماہ میں زیر التواء مقدمات میں مجموعی طور پر 3.9 فیصد اضافہ، مقدمات کی تعداد 2.26 ملین تک پہنچ گئی، لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ

image

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان نے جولائی تا دسمبر 2023 کے عرصہ کے لئے عدالتی اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کردی ۔

سیکرٹری ایڈمن لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق رپورٹ میں سپریم کورٹ آف پاکستان، وفاقی شرعی عدالت، ہائی کورٹس اور ضلعی عدلیہ میں تمام مقدمات کے اعداد و شمار کے بارے میں جامع معلومات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سال 2023 کی دوسری ششماہی میں (جولائی تا دسمبر) کے دوران زیر التواء مقدمات میں مجموعی طور پر 3.9 فیصد اضافہ کے ساتھ ان مقدمات کی تعداد 2.26 ملین تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ زیر التواء مقدمات میں سے 82 فیصد (1.86 ملین) ضلعی عدلیہ کی سطح پر ہیں جبکہ بقیہ 18 فیصد یعنی (0.39 ملین مقدمات) اعلیٰ عدلیہ کی سطح پر ہیں جس میں سپریم کورٹ، وفاقی شریعت کورٹ اور ہائیکورٹس کی عدالتیں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران 23 لاکھ 80 ہزار نئے کیسز دائر کیے گئے جبکہ عدالتیں 23 لاکھ کیسز نمٹانے میں کامیاب ہوئیں۔ مقدمات کو بڑے پیمانہ پر نمٹانے کے باوجود نئے مقدمات کے مسلسل دائر کئے جانے کے باعث زیر التواء مقدمات کا بیک لاگ زیادہ رہا ہے۔ رپورٹ میں ہائیکورٹس اور ضلعی عدلیہ میں زیر التواء مقدمات کا تفصیلی تجزیہ بھی پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہائیکورٹس میں زیرالتواء دیوانی مقدمات 81 فیصد ہیں جبکہ فوجداری مقدمات 19 فیصد ہیں۔ دوسری جانب ضلعی عدلیہ کی سطح پر زیر التواء مقدمات میں سے 64 فیصد دیوانی مقدمات ہیں جبکہ باقی 36 فیصد فوجداری مقدمات پر مشتمل ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے یہ رپورٹ لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیج پر بھی دستیاب ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US