اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے چیئرپرسن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ قائدانہ صلاحیت کا حصول وژن، علم اور مہارت پر منحصر ہے۔ انہوں نے دیانتداری اور عاجزی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دیانتداری قول اورفعل کے درمیان ہم آہنگی کا نام ہے اور اس کے لیے عاجزی ضروری ہے۔
جمعرات کو انسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ (آئی آر ایم) میں ایک تربیتی سیشن میں بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور فیلڈ دفاتر کے گریڈ 17 اور 18 کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک اجتماعی خواب اور ایک غیر سیاسی پروگرام ہے جو پاکستان بھر میں ذات، رنگ یا عقیدے سے قطع نظر 9.3 ملین غریب خاندانوں کی خدمت کر رہا ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی ملک کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے جو پسماندہ کمیونٹیز کی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔ تربیتی سیشن کا مقصد ضرورت مند افراد کی موثر طریقے سے خدمت کرنے میں بی آئی ایس پی افسران کی قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے صوبہ خیبر پختونخوا سے سندھ تک اپنے دوروں کے دوران مستفید ہونے والی خواتین میں انتہائی غربت کے اپنے مشاہدات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان مستحق افراد کی خدمت کی اہمیت پر زور دیا اور اسے عبادت کے مترادف قرار دیا۔بی آئی ایس پی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ بی آئی ایس پی مراکز میں رجسٹریشن کے لیے یا اپنا سہ ماہی وظیفہ وصول کرنے کیلئے آنے والی ضرورت مند خواتین کو ہرممکن سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے ان خواتین کی سماجی اور اخلاقی اقدار پر تعلیم کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انٹرایکٹو سیشن کے دوران ڈاکٹر امجد ثاقب نے شرکاء سے بات چیت کی، ان کے سوالات کے جواب دیئے۔ شرکاء نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی کے حوالے سے اس تربیتی سیشن کو نتیجہ خیز قرار دیا جس سے ان کے فیلڈ ورک کے تجربے میں اضافہ ہوگا۔