اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹروں اور طبی ماہرین نے اپنے اپنے شعبوں میں سخت محنت، لگن اور بہترین کارکردگی سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ہفتہ کو یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ہائی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار ہائی کمیشن میں برطانوی-پاکستانی ڈاکٹروں اور میڈیکل پریکٹیشنرز کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے اپنے پیشے کے لیے ان کی لگن ،پاکستان اور برطانیہ میں کمیونٹیز کے لیے ان کی خدمات اور انسان دوستی کی خدمات کو سراہا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی پیشہ ور افراد حقیقی سفیر ہیں اور ان کی بہترین کارکردگی اور خدمات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹر وں نے وبائی مرض کووڈ۔ 19کے دوران اپنی ڈیوٹی سے ہٹ کر کمیونٹی کی خدمت کی ہے۔