انقرہ ۔28مئی (اے پی پی):ترکی میں ایک مسافر بس اور 2کاروں کے آپس میں ٹکرا نے کے باعث کم از کم 10 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہو گئے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ المناک حادثہ مرسین صوبے میں اس وقت پیش آیا جب تیز بارش کے باعث ایک بس مخالف سمت کی سڑک کی جانب پھسل گئی اور سامنے سے آنے والی دو کاریں بس سے ٹکرا گئیں۔
مرسین صوبے کے گورنر علی حمزہ پہلوان نے بتایا ہے کہ اس حادثے کے فوری بعد ایک ٹرک ان تینوں گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔مزید رپورٹ کیا گیا کہ حادثے کے زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ، زخمیوں میں سے کم از کم 8افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ انٹرسٹی بس میں 28 افراد سوار تھے اور یہ بس ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیار باقر سے عدانا جا رہی تھی۔