نیویارک ۔28مئی (اے پی پی):جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح کے قریب اسرائیل کے وحشیانہ فضائی حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ منگل کو ہنگامی اجلاس الجزائر کی درخواست پر بلایا گیا ہے جو کہ 15 رکنی کونسل کے ایک غیر مستقل رکن ہےاور اسے سلووینیا کی حمایت حاصل ہے ۔ اتوار کے روز، اسرائیلی جنگی طیاروں نے رفح کے شمال مغرب میں اندرونی طور پر بے گھر افراد کی عارضی پناہ گاہوں پر آٹھ میزائل داغے، جس میں کم از کم 50 فلسطینی ہلاک ہوئے۔
عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں نے متاثرین کی پہلے سے مایوس کن صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے،یہ ہولناکی بند ہونی چاہیے۔7 اکتوبر 2023 سے، غزہ میں اسرائیلی جنگ نے 36ہزارسےزیادہ فلسطینیوں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں کی جانیں لے لی ہیں۔