آسٹریلوی وزیراعظم کا ’فاشسٹ‘ کہنے پر ایلون مسک کو جواب

image
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایلون مسک پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ارب پتی کو یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ ’ایکس کی ایک سماجی ذمہ داری ہے۔‘

ایلون مسک جو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ہیں، نے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی حکومت کو نئے قواعد وضوابط متعارف کروانے پر ’فاشسٹ‘ قرار دیا تھا۔

رواں ہفتے آسٹریلوی حکومت نے ’غلط معلومات کا مقابلہ کرنے‘ کا بل پیش کیا تھا جس کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں پر اپنے سالانہ کاروبار کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

ایلون مسک نے آسٹریلیا کے اقدامات کے بارے میں ایکس پر ایک پوسٹ کا جواب صرف یہ پوسٹ کرکے دیا تھا، ’فاشسٹ‘۔

لیکن سنیچر کو البانیز نے مسک پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ ’سوشل میڈیا کی سماجی ذمہ داری ہے۔‘

گزشتہ ایک برس میں سوشل میڈیا ریگولیشن پر مسک اور آسٹریلوی حکام کے درمیان کئی بار بحث بھی ہوئی۔

آسٹریلوی حکومت نئے اقدامات کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں کو ان کے مواد سے متعلق جواب دہ ٹھہرانا چاہتی ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت چاہتی ہے کہ 16 برس سے کم عمر کے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی ہو۔

رواں برس کے آغاز میں آن لائن نگرانی کا ادارہ مسک کی کمپنی کو عدالت لے کر گیا۔

آن لائن نگرانی کے ادارے نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ ایکس ’انتہائی پُرتشدد‘ ویڈیوز کو ہٹانے میں ناکام رہا ہے جن میں سڈنی کے ایک مبلغ کو چھرا گھونپتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ایلون مسک کا یورپی یونین سمیت دنیا بھر کے سیاست دانوں اور ڈیجیٹل حقوق کے تنظیموں کے ساتھ کئی معاملات پر تنازع رہا۔

30 اگست کو برازیل کی سپریم کورٹ نے ایلون مسک کی کمپنی سٹارلنک کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے جج الیگزینڈر دی موریس نے سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کا معاملہ اُٹھا رکھا ہے۔

ایلون مسک اور بعض دوسرے ناقدین جج دی موریس پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگا رہے ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts