کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی میں کپڑے کی دکانوں کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا خونریز تصادم میں بدل گیا، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے تین سگے بھائی زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی شناخت رضوان، کامران اور اکرام کے نام سے ہوئی ہے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق جھگڑا احمد شاہ نامی دکاندار اور زخمی ہونے والے تینوں بھائیوں کے درمیان ہوا ۔ تنازع کی وجہ گاہکوں کو اپنی دکان کی طرف راغب کرنا اور ایک دوسرے سے سستا کپڑا بیچنے کا معاملہ تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران احمد شاہ نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم تاحال مفرور ہے، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔