کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ بفرزون میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک شہری کو اس کی بیٹی کے سامنے لوٹ لیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی جس میں شہری کو لٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعہ علی الصبح پیش آیا جب شہری موٹر سائیکل لے کر گھر سے نکل رہا تھا۔ اسی دوران بائیک پر سوار دو مسلح ملزمان موقع پر پہنچے اور صرف 15 سیکنڈز میں واردات مکمل کر کے فرار ہو گئے۔ فوٹیج میں دونوں ڈاکوؤں کے ہاتھوں میں اسلحہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کے دوران شہری کی کمسن بیٹی بھی وہیں موجود تھی جو ڈاکوؤں کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئی۔ ایک ڈاکو نے شہری کی جیب میں ہاتھ ڈال کر موبائل فون نکالا جبکہ شہری منت کرتا رہا کہ اس کا بٹوہ واپس کر دیا جائے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شہری نے تاحال کسی قسم کی رپورٹ درج نہیں کرائی تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔