ساوتھ زون پولیس کراچی کی جانب سے شہر میں کار ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ایک اور ملزم گرفتار کر لیا گیاہے۔ پولیس کے مطابق عبد الستار ایدھی روڈ پر خطرناک انداز میں ڈرفٹنگ کرنے والے شخص جہانزیب کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گزشتہ دنوں عمار ٹاور کے قریب تیز رفتاری اور خطرناک اسٹنٹس کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ساحل تھانے میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کی گاڑی بھی ضبط کر لی ہے۔
ترجمان ساوتھ زون پولیس کے مطابق شاہراہوں پر خطرناک ڈرفٹنگ یا ریسنگ ناقابل برداشت ہے اور ایسی غیر قانونی و عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔