صائم ایوب کی آل راؤنڈ کارکردگی اور محمد نواز کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں 14 رنز سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے پہلے ٹی 20 کرکٹ میچ میں 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے لاڈرہل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 178 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 38 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے اور پھر دو کٹیں بھی حاصل کیں۔ اس کارکردگی پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد صائم ایوب نے انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔ صائم ایوب کے بعد فخر زمان 28 اور حسن نواز 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کے اوپنرز نے ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اننگز کے 12ویں اوور میں محمد نواز نے تین وکٹیں لے کر میچ کا رخ ہی تبدیل کر دیا۔
اس نقصان کے بعد ویسٹ انڈین مڈل آرڈر جم کر نہ کھیل سکا اور باقی بلے باز قابلِ ذکر شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین اور صائم ایوب نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سفیان مقیم اور شاہین شاہ نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو اپنا شکار بنایا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے پہلے ٹی 20 میچ میں کامیابی کے بعد جہاں پاکستانی کرکٹ شائقین نے صائم ایوب اور محمد نواز کو خوب سراہا وہیں کُچھ کی جانب سے فہیم اشرف کی باؤلنگ پر بھی سوال کیے۔
محمد یونس نامی ایک ایکس یوزر نے میچ کے بعد لکھا کہ ’اگست میں پاکستان کو ہمیشہ خوشیاں ہی ملی پیں۔ پہلے دن پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ چودہ رنز سے جیت کر سب کو خوش کردیا ہے۔ ویلڈن پاکستان ٹیم۔‘
آدی روئے نامی ایک ایکس یوزر نے فہم اشرف کی باؤلنگ کے بعد لکھا کہ ’یہ فہیم اشرف کب ٹیم کی جان چھوڑے گا؟‘
ان کے اس پیغام کے ساتھ ہی رانا طلحہ نامی ایک ایکس یوزر نے لکھا کہ ’اچھی فارم میں ہے (فہم اشرف)۔۔۔ ٹی ٹوئنٹی ہے سکور پڑتا ہے بالر کو! بنگلہ دیش میں بھی کافی اچھا کھیلا تھا۔۔ جہاں کسی سے بھی بیٹنگ نہیں ہورہی تھی۔‘
احمد حسیب نے ایکس پر اپنے پیغام میں بائیں ہاتھ سے سپن باؤلنگ کرنے والے سفیان مقیم کی تعریف کی اور لکھا کہ ’سفیان مقیم ایک اچھے کھلاڑی ہیں جنھوں نے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں پر دباؤ ڈالا اور پاکستان کے لئے میچ میں واپسی کی راہ ہموار کی۔ چار اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔‘
حسیب کی ہی طرح زیشان محمد نے ایکس پر سفیان مقیم کی تعریف کی اور لکھا کہ ’یہ وہی سفیان مقیم ہیں جنھیں مسلسل بینچ پر بٹھایا گیا، لیکن آج جب موقع ملا تو سفیان نے نپی تلی بولنگ کر کے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سپن بولنگ اُن کے بغیر ادھوری ہے۔‘
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سفیان مقیم نے چار اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، محمد حارث (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا (کپتان)، ان کے علاوہ حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اورسفیان مقیم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
تاہم میزبان ٹیم جونسن چارلس، جیویل اینڈریو، کپتان شائے ہوپ، گداکیش موتی، شرفین ردرفورڈ، روسٹن چیز، روماریو شیپرڈ، جیسن ہولڈر، شمر جوزف، عقیل حسین اور جیدہ بلیڈز پر مشتمل تھی۔