بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں گیس نکالنے کا منصوبہ مکمل اور گیس کی پیداوار شروع ہوگئی ہے، منصوبے پر گزشتہ سال فروری میں کام شروع ہوا جو تقریباً ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگیا ہے۔
جھل مگسی منصوبے سے 14 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سوئی سدرن کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل ہوجائے گی جس سے سندھ اور بلوچستان میں گیس کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور صارفین کو کسی حد تک ریلیف مل سکے گا۔
جھل مگسی ڈیولپمنٹ منصوبہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، پاکستان آئل کمپنی، گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کا مشترکہ منصوبہ ہے جس میں او جی ڈی سی ایل کے 56 فیصد شیئر ہیں جب کہ باقی دو کمپنیوں کے 24 اور 20 فیصد شیئرز ہیں۔
گیس کی سپلائی شروع ہونے کا اثر پیر کو مقامی اسٹاک مارکیٹ میں بھی دیکھا گیا اور او جی ڈی سی سمیت دیگر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
گیس کی ضرورت کے مقابلے میں کم رسد کے سبب گیس کی قلت پائی جارہی ہے اور کئی علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ گیس کی اضافی سپلائی سے صورتحال میں قدرے بہتری آئے گی۔