جرمنی: روسی شہری پر داعش سے تعلق اور پاکستان جا کر تربیت کی منصوبہ بندی کا الزام

image
جرمن پراسکیوٹرز نے بدھ کے روز ایک روسی شہری پر دہشت گردی کے الزامات عائد کیے ہیں، جس پر شبہ ہے کہ وہ برلن میں اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کا منصوبہ بنا رہا تھا اور بعد ازاں پاکستان میں داعش میں شمولیت کے لیے سفر کرنا چاہتا تھا۔

ملزم کی شناخت صرف اخمد ای کے نام سے کی گئی ہے، کیونکہ جرمنی کے پرائیویسی قوانین کے تحت مکمل شناخت ظاہر نہیں کی جاسکتی۔

ملزم کو 20 فروری کو برلن کے ہوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پرواز پر سوار ہونے والا تھا۔

اب ملزم پرغیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی حمایت، ایسی تنظیم میں شامل ہونے کی کوشش اور ایک سنگین پرتشدد کارروائی کی تیاری کے الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

وفاقی پراسیکیوٹرز کے مطابق ملزم نے ابتدائی طور پر جرمنی میں ممکنہ طور پر اسرائیلی سفارت خانے پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس نے انٹرنیٹ سے دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کے طریقے تلاش کیے، لیکن مطلوبہ مواد حاصل نہ کر نے کی وجہ سے منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔

اسی دوران، ملزم پر الزام ہے کہ وہ داعش کے لیے روسی اور چیچن زبانوں میں پروپیگنڈا مواد کا ترجمہ کر رہا تھا۔ پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ اس کا ارادہ تھا کہ وہ پاکستان جا کر داعش میں شامل ہو اور وہاں فوجی تربیت حاصل کرے۔

ملزم نے اس مقصد کے لیے دو مہنگے سمارٹ فونز کے کنٹریکٹ لیے، پھر انہیں فروخت کرکے سفر کے اخراجات پورے کیے۔

پرسکیوٹر کے مطابق روانگی سے کچھ دیر قبل، اس نے داعش کے ایک مشتبہ رکن کو اپنی وفاداری کا ویڈیو پیغام بھی بھیجا، جو جرمنی سے باہر مقیم تھا۔

فردِ جرم اس ماہ کے آغاز میں برلن کی ایک عدالت میں جمع کرائی گئی ہے، جو اب یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا مقدمے کو باقاعدہ ٹرائل کے لیے  بھیجا جائے یا نہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US