کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک اپ گریڈیشن، ایشیائی ترقیاتی بینک کتنی سرمایہ کاری کرے گا ؟

image

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کے لیے فنانسنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے نظام کی اپ گریڈیشن کے لیے چین سے معالی معاونت میں تاخیر کے باعث ایشائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو ریلوے لائن کی بہتری کے منصوبے کے لیے سرمایہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اے ڈی بی کراچی سے روہڑی (سکھر کے قریب) تک تقریباً 500 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کے لیے 2 ارب ڈالر تک سرمایہ فراہم کرے گا۔

منصوبے کے تحت کراچی سے روہڑی (سکھر) تک پلوں اور ٹریک کو جدید بنایا جائے گا اور روہڑی میں یہ لائن بلوچستان میں واقع ریکوڈک کان سے آنے والی ریلوے لائن سے جڑ جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی سے روہڑی ٹریک کی اپ گریڈیشن کی فوری ضرورت ہے کیونکہ ریکوڈک کان سے سونا اور تانبا نکالنے کا منصوبہ 2028 تک پیداوار شروع کرے گا اور اس کی ترسیل روہڑی سے کراچی ٹریک سے ہونی ہے۔

خبر ایجنسی نے کہا کہ اے ڈی پی نے اس مالی پیکج کی تصدیق نہیں کی جبکہ پاکستان کی وزارت ریلوے اور چینی حکام نے بھی اس بارے میں کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پاکستانی حکام سے بات چیت جاری ہے۔

یاد رہے 2 روز قبل ہی ایشیائی ترقیاتی بینک نے ریکوڈک منصوبے کے لیے 41 کروڑ ڈالر کا پیکج منظور کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US