کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں آج بی این پی قائد سردار اختر جان مینگل کے خلاف دہشت گردی کیس میں پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سابق صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ساجد ترین ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
اس موقع پر بی این پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، جمیل رمضان ایڈووکیٹ اور وکلاء کی بڑی تعداد ساجد ترین ایڈووکیٹ کے ہمراہ موجود تھی۔
عدالتی سماعت کے بعد ساجد ترین ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے دھرنے میں خودکش حملہ آور ہمیں نشانہ بنانے آیا، اس کا مقدمہ بھی سردار اختر جان پر درج کیا گیا ہے، یہ نظام کا مکمل مذاق ہے۔
ساجد ترین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ سردار اختر جان اور پارٹی قیادت کے خلاف ایسے بوگس کیس بنائے جاتے ہیں تاکہ انہیں بلوچستان کے اہم مسائل اٹھانے سے روکا جاسکے۔ ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے اور ایسے بوگس کیسز ہمیں ڈرا نہیں سکتے۔