پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ہُڈور گاؤں کے قریب تربیتی پرواز کے دوران گر گیا، حادثے کے نتیجے میں 2 میجرز سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر آج صبح تقریباً دس بجے معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب فنی خرابی کے باعث کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوگیا۔ حادثہ تھکداس کنٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر دور پیش آیا۔
شہدا میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ فنی خرابی پیدا ہوئی، آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری کو ہر وقت یقینی بنایا جا سکے۔
حادثے پر وزیراعظم شہباز شریف نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہیدوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔