بلوچستان ہائی کورٹ نے گرین بس روٹ میں توسیع کے حوالے سے دائر آئینی درخواست پر نوٹس جاری کردیا ہے۔
درخواست ایڈووکیٹ سید نذیر آغا کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان سے سریاب کسٹم تک رہائش پذیر عوام پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہیں۔
چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عوام کا بنیادی حق ہے کہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، لہٰذا گرین بس روٹ کو بلیلی سے یونیورسٹی کے بعد سریاب کسٹم تک بڑھایا جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد صوبائی و ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 ستمبر 2025 کو وضاحت کے لیے طلب کرلیا۔کیس کی مزید سماعت بھی اسی روز ہوگی۔