اسلام آباد : پاور ڈویژن نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2 ستمبر تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بیشتر فیڈرز عارضی یا مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پیسکو کے زیرِ انتظام سوات، بنوں، شانگلہ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 12 گرڈ اسٹیشنز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 85 فیڈرز مکمل جبکہ 6 جزوی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔
گیپکو میں 10 گرڈ اسٹیشنز اور 87 فیڈرز متاثر ہوئے تھے، جن میں سے 82 فیڈرز مکمل اور 5 جزوی طور پر بحال کر دیے گئے۔ اسی طرح لیسکو کے لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ میں 62 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 43 فیڈرز جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں جبکہ مکمل بحالی 2 سے 5 ستمبر تک متوقع ہے۔
فیسکو کے زیرِ انتظام ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 26 گرڈ اور 76 فیڈرز متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 72 فیڈرز عارضی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔
میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 126 فیڈرز متاثر ہوئے تھے، جو عارضی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔ پانی اترنے کے بعد ان کی مکمل بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ٹیسکو کے علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبر میں 10 فیڈرز متاثر ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک فیڈر مکمل اور چار فیڈرز عارضی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔ ہیزیکو کے زیرِ انتظام مانسہرہ میں تین فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے دو مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق مجموعی طور پر 48 گرڈ اسٹیشنز اور 455 متاثرہ فیڈرز میں سے 170 فیڈرز مکمل اور 256 فیڈرز عارضی طور پر بحال کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی پاور ڈویژن کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔