"میں نے شادی کے موقع پر اپنی ساس کا جوڑا اور عامر کی دادی کے زیورات پہنے اور تب جا کر مجھے احساس ہوا کہ خاندان کی نشانیوں کی کتنی اہمیت ہوتی ہے۔ اب یہ چیزیں میرے لیے قیمتی خزانہ ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ کل اپنی بیٹی یا بہو کو یہ یادگار تحفے دوں۔ میری دلہنوں سے ایک گزارش ہے کہ وہ وہی چیزیں پہنیں یا خریدیں جو ان کے بس میں ہوں، کیونکہ قیمت سے زیادہ اہم لمحے کی خوشی اور محبت ہے، اور دلہن ہر حال میں خوبصورت لگتی ہے۔"
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ماورہ حسین نے حال ہی میں اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز عامر گیلانی سے شادی کے ذریعے کیا۔ مداحوں نے اس جوڑی پر بے شمار دعائیں نچھاور کیں اور سوشل میڈیا پر ان کے نکاح اور رخصتی کے مناظر کو خوب پسند کیا۔
ایک برانڈ کی تقریب میں شرکت کے دوران ماورہ نے اپنے سسرال کے بارے میں بات کرتے ہوئے خاص جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح شادی کے موقع پر اپنی ساس کا جوڑا اور شوہر کی دادی کے زیورات پہننے کا تجربہ ان کے لیے ناقابلِ فراموش رہا۔ ماورہ کے مطابق، ان قیمتی نشانیوں نے انہیں یہ احساس دلایا کہ اصل خوبصورتی چیز کی قیمت میں نہیں بلکہ اس کی یادوں اور رشتوں میں ہے۔
ماورہ نے آنے والی دلہنوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بڑی بڑی قیمتوں والے جوڑے یا زیورات خریدنے سے زیادہ ضروری ہے کہ دلہن اپنی حیثیت کے مطابق تیاری کرے۔ ان کے مطابق دلہن چاہے عام کپڑے پہنے یا قیمتی، اپنی خوشی کے دن وہ سب سے زیادہ حسین دکھائی دیتی ہے۔
یہ بیان سن کر مداحوں نے ماورہ کی سادگی اور حقیقت پسندی کو خوب سراہا۔ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے کہا کہ ماورہ حسین کی یہ نصیحت آج کی نئی نسل کے لیے ایک بہترین سبق ہے جو اکثر نمود و نمائش میں پھنس جاتی ہے۔