ٹک ٹاکر پیاری مریم انتقال کرگئیں۔ یہ افسوسناک خبر ان کے اہلِ خانہ اور قریبی افراد نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد مداحوں اور آن لائن کمیونٹی میں گہرا صدمہ پھیل گیا۔
اہلِ خانہ نے ایک جذباتی پیغام میں تصدیق کی کہ پیاری مریم بچے کی پیدائش کے فوراً بعد چل بسیں۔ ان کے بیان میں لکھا گیا: “إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ… پیاری مریم اللہ کو پیاری ہو گئی ہیں۔” انہوں نے عوام سے مرحومہ کے لیے مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی درخواست بھی کی۔
کنٹینٹ کریئیٹر فاطمہ جعفری نے بھی مریم کے شوہر سے بات چیت کے بعد یہ خبر شیئر کی۔ ان کا کہنا تھا: “مریم کی ڈلیوری کے فوراً بعد وفات ہو گئی۔ اللہ انہیں جنت نصیب کرے۔ آمین۔” انہوں نے اہلِ خانہ کے لیے صبر اور ہمت کی دعا بھی کی۔
قریبی دوستوں کے مطابق پیاری مریم نہایت نرم دل اور محبت کرنے والی شخصیت تھیں۔ ان کی ناگہانی موت نے ایک بار پھر حمل کے دوران خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ فاطمہ جعفری نے کہا کہ “اسی لیے ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ حاملہ خواتین کے ساتھ زیادہ خیال اور توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، یہ ان کے لیے نہایت نازک وقت ہوتا ہے۔”
پیاری مریم اپنے نوزائیدہ بچے، شوہر اور غمزدہ خاندان کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں، جو ان کے لیے دعائے مغفرت کر رہے ہیں۔