ایشیا کپ میں عمان کو پاکستان کے ہاتھوں 93 رنز سے شکست: ’صائم ایوب کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں‘

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔ عمان کی ٹیم 161 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ٹیم کے تمام کھلاڑی صرف 67 رنز کے مجموعی سکور پر واپس پویلین لوٹ گئے۔
محمد حارث
Getty Images
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160 رنز بنائے تھے

ایشیا کپ میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے عمان کی ٹیم کو باآسانی 93 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔ عمان کی ٹیم 161 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ٹیم کے تمام کھلاڑی صرف 67 رنز کے مجموعی سکور پر واپس پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حارث 43 گیندوں پر 66 بنا کر ٹاپ سکورر رہے، جبکہ ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان نے 29، فخر زمان نے 23 اور محمد نواز نے 19 رنز بنائے۔

ان پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز 10 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکا۔

عمان کی جانب سے شاہ فیصل نے 43 رنز دے کر تین اور عامر کلیم نے 31 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد ندیم نے تین اوورز میں 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

161 رنز کے تعاقب میں عمان کا کوئی بھی بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹھہر سکا۔ عمان کی جانب سے سب سے زیادہ 27 رنز کی اننگز حماد مرزا نے کھیلی، جبکہ اوپنر عامر کلیم نے 13 اور شکیل احمد نے 10 رنز بنائے۔ ان تینوں کے علاوہ کوئی بھی عمانی بلے باز 10 کے ہندسے تک نہیں پہنچا سکا۔

محمد حارث
Getty Images
محمد حارث نے 66 رنز کی اننگز کھیلی

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، سفیان مقیم اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم کی جیت پر سوشل میڈیا پر بھی صارفین تبصرے اور تجزیے کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ سب سے زیادہ جن پاکستانی کھلاڑیوں پر بات ہو رہی ہے ان میں محمد حارث اور صائم ایوب شامل ہیں۔

’محمد حارث کو صحیح نمبر پر بیٹنگ کرنے کی ضرورت ہے‘

محمد حارث گذشتہ کئی میچز سے آؤٹ آف فارم تھے اور نچلے نمبر پر بیٹنگ کر رہے تھے لیکن عمان کے خلاف ان کی نصف سینچری پر کرکٹ شائقین انھیں داد دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ انھیں میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے پر پلیئر آف دا میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ایک صارف نے ان کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ 'محمد حارث خراب بلے باز نہیں تھے، بس انھیں صحیح نمبر پر بیٹنگ کرنے کی ضرورت تھی۔'

عمان نسبتاً نئی اور کمزور ٹیم ہے لیکن اس کے باوجود کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ 'آپ کس ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، محمد حارث کو رنز کی ضرورت تھی اور وہ انھوں نے بنا لیے۔'

'اس سے انھیں اعتماد ملے گا۔'

صائم ایوب بھی کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز ہیں۔ ایک طرف تو انھیں عمان کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری طرف ان کی بولنگ کی بھی تعریف ہو رہی ہے۔

صائم ایوب نے دو اوورز میں صرف آٹھ رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔

حماد نامی ایک ایکس صارف نے لکھا کہ 'صائم ایوب بولنگ بھی کر سکتے ہیں اور اسی سبب وہ ٹیم سے نکالے جائیں گے۔'

'صائم ایوب ایک اوپنر ہیں اور انھیں اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔'

ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا: 'صائم ایوب کو یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں۔'

پاکستان ایشیا کپ میں اپنا دوسرا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گا۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US