ایشیا کپ میں پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست : ’اس سے بہتر ہے ہم سے جنگ ہی لڑ لو، کرکٹ ہم نہیں کھیلتے‘

دبئی میں جاری ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں روایتی حریف پاکستان اور انڈیا مدمقابل ہیں۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے ہیں۔ اس وقت انڈیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

دبئی میںکھیلے جانے والے ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میںانڈیا نے پاکستان کے 128 رنز کا ہدف بآسانیتین وکٹکے نقصان پر حاصل کر لیا۔

روایتی حریف پاکستان اور انڈیاکے مد مقابل اتوار کے روز کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔

ابھیشیک شرما نے شاہین آفریدی کی پہلی دو گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر انڈیا کو بہترین آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی دوسرے اوور میں ملی جب شبھمن گِل صائم ایوب کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ دوسری وکٹ چوتھے اوور میں گِری جب ابھیشیک شرما 13 گیندوں پر 31 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے۔

انڈیا کے تیسری وکٹ اس وقت گری جب صائم ایوب کی بال پر تلک ورما کو آوٹ ہو کر پویلین لوٹنا پڑا۔

پاور پلے کے اختتام پر انڈیا نے 61 رنز بنائے جبکہ پاکستان کو دو وکٹیں حاصل ہوئیں تھیں۔

صائم ایوب
Getty Images

اس سے قبل میچ کی پہلی اننگز میں انڈین بولرز نے میچ میں نپی تلی بولنگ کرائی اور نصف سے زیادہ ڈاٹ گیندیں رہیں، جن پر کوئی رن نہ بنا۔ کلدیپ یادیو نے تین جبکہ اکشر پٹیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

صاحبزادہ فرحان 44 گیندوں پر 40 رنز بنا کر پاکستان کی طرف سے ٹاپ سکورر رہے۔ جبکہ اننگز کے اواخر میں شاہین آفریدی نے 16 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے شامل تھے جن میں سے دو آخری اوور میں لگے۔

دونوں ٹیمیں ایشیا کپ میں ابتدائی میچ جیت چکی ہیں۔ انڈیا نے متحدہ عرب امارات کے خلاف نو وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی جبکہ عمان کے خلاف پاکستانی ٹیم 93 رنز سے فتحیاب ہوئی تھی۔

اگر ٹی ٹوئنٹی میچوں میں حالیہ کارکردگی دیکھی جائے تو پاکستان اور انڈیا دونوں نے گذشتہ پانچ میچوں میں سے چار میں فتح حاصل کی ہے۔ تاہم 2021 سے 2024 تک ایک دوسرے کے خلاف کھیلے گئے میچز میں انڈیا کا پلڑا بھاری رہا۔ گذشتہ پانچ مقابلوں میں سے تین انڈیا کے نام رہے جبکہ دو پاکستان نے جیتے۔

یہ تمام میچز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یا ایشیا کپ میں ہی کھیلے گئے تھے۔ سفارتی تناؤ کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ سیریز تعطل کا شکار رہی ہے۔

آج کا میچ بھی ایک ایسے وقت میں کھیلا جا رہا ہے جب اپریل میں پہلگام حملے اور مئی کی فوجی جھڑپوں کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ موجود ہے۔

پاکستان، انڈیا، ایشیا کپ
Getty Images
اکشر پٹیل نے دو جبکہ کلدیپ یادیو نے تین وکٹیں حاصل کیں

پاکستانی بیٹنگ کا احوال: مسلسل گرتی وکٹیں اور ڈاٹ گیندیں

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ دونوں ٹیموں نے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔ انڈین میڈیا کے مطابق ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے روایت کے برعکس ہاتھ نہیں ملائے۔

ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اس میچ میں وہ سپنرز پر انحصار کریں گے، لہذا حارث رؤف کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ جبکہ انڈین کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ ہی کرنا چاہتے تھے۔ ان کا خیال ہے کہ دوسری اننگز میں بیٹنگ قدرے آسان ہو گی۔

انڈیا کی طرف سے پہلا اوور ہاردک پانڈیا نے کرایا جس کی پہلی گیند پر صائم ایوب کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ سکوائر ڈرائیو کھیلنا چاہتے تھے مگر اپنی شاٹ کنٹرول نہیں کر سکے۔ ان کا کیچ پوائنٹ فیلڈر جسپریت بمرا نے پکڑا۔

دوسرا اوور جسپریت بمرا نے کرایا جس کی دوسری گیند پر محمد حارث نے جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر ان کا کیچ ہاردک پانڈیا نے پکڑا۔

اس کے بعد فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان شراکت قائم ہوئی۔ پاور پلے کے اختتام تک پاکستان کو 42 رنز جبکہ انڈیا کو دو وکٹیں حاصل ہوئیں۔ اس دوران صاحبزادہ فرحان نے بمرا کو دو چھکے بھی لگائے۔

صاحبزادہ فرحان
Getty Images
صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 40 رنز بنائے

پاکستان کو آٹھویں اوور میں تیسری وکٹ کا نقصان ہوا۔ اکشر پٹیل کی گیند پر فخر زمان نے قدم نکال کر سیدھا چھکا لگانے کی کوشش کی مگر وہ اپنی شاٹ کو ٹائم نہ کر سکے۔ لانگ آن پر ان کا کیچ تلک ورما نے پکڑا۔ فخر نے چار چوکوں کی مدد سے 15 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔

اس کے بعد کپتان سلمان آغا کریز پر آئے۔ انھوں نے اپنی دوسری گیند پر ورون چکرورتی کو پیڈل سویپ کھیلنے کی کوشش کی مگر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تاہم سلمان آغا نے ریویو لیا جس پر امپائر کو فیصلہ تبدیل کرنا پڑا۔

10ویں اوور میں کپتان سلمان نے رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کی مگر وہ اکشر پٹیل کا دوسرا شکار بنے۔

10 اوورز کے اختتام پر پاکستان کے چار وکٹوں کے نقصان پر 49 رنز تھے۔ 10 اوورز تک پاکستانی ٹیم نے نصف سے زیادہ 37 ڈاٹ ڈیلیوریز کھیلیں، یعنی ان گیندوں پر بلے باز کوئی سکور نہیں بنا سکے تھے۔

13 اوور میں لگاتار دو گیندوں پر کلدیپ یادیو نے حسن نواز اور محمد نواز کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

17ویں اوور میں صاحبزادہ فرحان کلدیپ کا تیسرا شکار بنے جن کا کیچ پانڈیا نے پکڑا۔ صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 40 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

18ویں اوور میں فہیم اشرف ورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ انھوں نے 14 گیندوں پر 11 رنز بنائے تھے۔

بمرا کے آخری اوور میں سفیان مقیم نے لگاتار دو گیندوں پر دو چوکے لگائے۔ اس سے قبل شاہین آفریدی انڈین سپنرز کو دو چھکے لگا چکے تھے۔ مگر بمرا نے اپنی آخری گیند پر سفیان مقیم کو بولڈ کر دیا۔

شاہین آفریدی نے آخری اوور میں دو چھکے لگائے اور وہ 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی اننگز 127 رنز پر تمام ہوئی۔

انڈیا، پاکستان، ایشیا کپ
Getty Images
انڈیا کو پہلی ہی گیند پر پاکستان کی پہلی وکٹ مل گئی تھی

انڈیا پاکستان کے اس ٹاکرے کا کرکٹ فینز کو بھی بے چینی سے انتظار تھا تاہمگیم کے آغاز پر پاکستان کی بیٹنگ کے لڑکھڑاتے انداز نے سوشل میڈیا صارفین کو پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کا موقع فراہم کر دیا۔

عامر علی نامی کرکٹ فین نے پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ حکومت کی واحد مستقل حکمت عملی تذلیل کے کبھی نہ ختم ہونے والے چکر کو ترتیب دینا ہے۔ وہ کھلاڑیوں اور کوچوں کو ادھر سے ادھر کر رہے ہیں تاہم بے عزتی مستقل ہے۔‘

ایکس پر ایک صراف نے لکھا کہ ’انڈیا والوں، اس سے بہتر ہے ہم سے جنگ ہی لڑ لو۔۔کرکٹ ہم نہیں کھیلتے۔‘

پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کئی صارفین نے سابق کپتان بابر اعظم کو بھی خوب یاد کیا۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین ایسے بھی تھے جنھیںپاکستان کی اننگ میں ہی اندازہ تو ہو گیا تھا کہ جیت ہاتھ سے نکل چکی ہے اس لیے انھوں نے اس موقع پر زخموں پر گویا پھایا رکھنے کی خاطر یہ ضرور کہا کہ ' تم جیتو یا ہارو سنو ہمیں تم سے پیار ہے۔'

انڈیا، پاکستان
Getty Images

دبئی سٹیڈیم کے مہنگے سٹینڈز کی ٹکٹیں آج بھی دستیاب

ویسے تو ایشین کرکٹ کونسل کی طرف سے اس میچ کے لیے ٹکٹوں کی دستیابی کا اعلان 2 ستمبر کو ہی کر دیا گیا تھا مگر معمول کے برعکس اس بار میچ کچھ ہی دنوں میں 'سولڈ آؤٹ' نہیں ہوا۔ بلکہ 14 ستمبر تک بعض سٹینڈز کی ٹکٹیں دستیاب رہیں۔

ایشیا کپ کے میچز کی ٹکٹیں پلاٹینم لسٹ نامی ویب سائٹ پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ اس کی ویب سائٹ پر اب بھی پاکستان اور انڈیا کے میچ کی ٹکٹیں دستیاب ہیں۔

پلاٹینم لسٹ کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بعض سٹینڈز جیسے جنرل ایسٹ (لوئر)، پلاٹینم ہاسپٹیلٹی اور سکائی بوکس کی ٹکٹیں سولڈ آؤٹ ہو چکی ہیں۔ مگر بعض مہنگے سٹینڈز جیسے پریمیئم، پویلین ایسٹ، پویلین ویسٹ اور باؤنڈری لانج کی ٹکٹیں اب بھی دستیاب ہیں۔

ان ٹکٹوں کی قیمتیں 212 سے 1700 امریکی ڈالر تک ہیں۔

ٹکٹوں کی ری سیل کے ایک پلیٹ فارم ویاگوگو کے مطابق 14 ستمبر تک پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کی 124 ٹکٹیں اب بھی دستیاب ہیں۔ اسی طرح ری سیل کی ایک اور ویب سائٹ ٹی کومبو پر 113 سیلرز 122 سے 3051 امریکی ڈالر کے عوض اپنی ٹکٹیں فروخت کر رہے ہیں۔

انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی نے اماراتی کرکٹ بورڈ کے ایک اہلکار کے حوالے سے لکھا ہے کہ 'ہم حیران ہیں پاکستان اور انڈیا کے میچ کی ٹکٹوں کی فروخت سست روی کا شکار ہے۔۔۔ چیمپیئنز ٹرافی کے میچ کی تمام ٹکٹیں چار منٹ سے بھی کم وقت میں فروخت ہو گئی تھیں۔ ممکن ہے ایسا روہت شرما اور ورات کوہلی کی عدم موجودگی کے باعث ہے۔'

دوسری طرف انڈیا میں بعض حلقے اس میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں اور اس کی وجہ اپریل میں انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر حملے کو قرار دے رہے ہیں۔ انڈین حکام اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہیں مگر اسلام آباد نے اس الزام کی تردید کی ہے اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان مئی میں چار روز تک فوجی جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جس میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسی طرح انڈیا اور پاکستان دونوں نے ہی ایک دوسرے پر میزائل اور ڈرون حملوں کا بھی الزام لگایا ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US