پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایشیا کپ کےحوالے سے آئندہ چند گھنٹوں میں اہم فیصلے کرنے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی حکومتی شخصیات سے مشاورت میں مصروف ہیں کہ کیا پاکستان کو ایشیا کپ میں مزید کھیلنا چاہیے؟
یہ صورتحال آئی سی سی کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی موجودگی کے باعث پیدا ہوئی ہے۔ بھارت کے خلاف میچ کے بعد پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے الزام لگایا کہ پائی کرافٹ نے اپنی ذمہ داریاں غیر منصفانہ طریقے سے ادا کیں اور وہ بھارتی ٹیم کے کہنے پر کرکٹ کے اندر سیاست کو لے کر آئے۔ ٹیم مینجمنٹ کا دعویٰ ہے کہ ٹاس کے وقت پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو سے ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا۔
پاکستان ٹیم مینجمنٹ بھارت کے خلاف میچ کے دوران امپائر کے کچھ فیصلوں سے بھی نالاں ہیں. پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ پائی کرافٹ کو ٹورنامنٹ سے ہٹایا جائے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اب تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بات کا جواب نہیں دیا کہ وہ پائی کرافٹ کو ٹورنامنٹ سے ہٹائیں گے یا نہیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ وہ کل پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے میچ میں بھی ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع نے ہماری ویب کو بتایا کہ فیصلہ آج رات تک کرلیا جائے گا کہ ایشیا کپ میں مزید کھیلا جائے یا نہیں۔ دوسری جانب پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ عثمان والا کو معطل کردیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پاک- بھارت میچ کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام نہیں دیں۔