پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ندیم ارشد کو عوام کی بڑی تعداد نے دلاسہ دینا شروع کردیا۔
جیولن تھروور ندیم ارشد ورلڈ ایتھلیٹک چیمپین شپ میں اپنی ناکامی پر بہت مایوس ہیں، لیکن لوگوں نے سوشل میڈیا پہ بڑھ چڑھ کر ان کو دلاسہ دیا ہے اور آئندہ کے مقابلوں کے لیے ان کی ہمت بڑھا رہے ہیں تاکہ ندیم ارشد ٹوکیو میں ہونے والے جیولن تھرو کے فائنل میں دسویں پوزیشن لاسکیں اور ان کے سب سے بڑے حریف بھارت کے نیرج چوپڑا بھی کوئی تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
جیولن تھرو کے فائنل سے پہلے ندیم اور نیرج کے مقابلے کی بہت گونج تھی لیکن دونوں ایتھلیٹس اچھی پرفارمنس نہیں دے پائے، فائنل مقابلوں کے بعد ندیم نے مایوسی کا اظہار کیا لیکن لوگوں نے سوشل میڈیا پہ ان کو سراہا اور دلاسہ دیا کہ آپ پاکستان کے لیے ایک ستارہ ہیں اور آگے کے مقابلوں میں آپ کو کامیابی ضرور ملے گی۔
پاکستان میں کسی بھی کھیل میں عموماً بری پرفارمنس کے بعد عوام کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بناتی ہے لیکن ندیم خوش قسمت ہیں کہ ناکامی پر بھی عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے، ندیم کی مایوس کن پرفارمنس کی وجہ ان کی فٹنس بتائی جارہی ہے۔
ورلڈ چیمپین ندیم فٹنس کے مسائل سے دوچار تھے اور اسی سال جولائی میں انہوں نے کاف مسل کی سرجری کرائی تھی، پچھلے سال پیرس اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد ندیم نے صرف ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں حصہ لیا جہاں پر انہوں نے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔