ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دبئی میں جاری دوسرے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کے لیے 172 رنز کا ہدف مقرر کیا ہے۔ قومی ٹیم نے بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے نمایاں کارکردگی اوپنر صاحبزادہ فرحان کی رہی جنہوں نے پُراعتماد انداز میں 58 رنز بنائے۔ صائم ایوب اور محمد نواز نے 21، 21 رنز جوڑے، فخر زمان صرف 15 پر رکے جبکہ حسین طلعت 10 رنز بنا سکے۔ اختتامی لمحات میں سلمان علی آغا 17 اور فہیم اشرف 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو سہارا دیا۔
بھارتی بولنگ لائن میں شیوم دوبے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد نواز رن آؤٹ ہوئے۔
میچ کا آغاز ٹاس سے ہوا جہاں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اس موقع پر ایک بار پھر سلمان علی آغا اور یادیو نے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ میچ ریفری کے فرائض ایندی پائی کرافٹ انجام دے رہے ہیں۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بولنگ کا انتخاب کرتے۔ ان کے مطابق یہ ایک نیا چیلنج ہے اور ٹیم اچھی کرکٹ کھیلنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حسن نواز اور خوشدل شاہ کی جگہ فہیم اشرف اور حسین طلعت کو موقع دیا گیا ہے۔
بھارت کی الیون میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، سنجو سیمسن، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکثر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتی اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔ پاکستان کے اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، سلمان علی آغا، محمد نواز، فہیم اشرف، محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور حسین طلعت کھیل رہے ہیں۔
گروپ مرحلے میں بھارتی ٹیم ناقابلِ شکست رہی اور اس نے پاکستان، عمان اور یو اے ای کو ہرایا تھا۔ دوسری جانب پاکستان نے گروپ میں دو فتوحات سمیٹ کر سپر فور میں جگہ بنائی، تاہم بھارت کے خلاف اپنے پچھلے میچ میں اسے شکست اٹھانا پڑی تھی۔