ٹیکس چوری میں ملوث جیولرز ایف بی آر کے ریڈار پر، 60 ہزار کا ڈیٹا جمع

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس چوری کرنے والے جیولرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور ملک بھر کے 60 ہزار کے قریب جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جمع شدہ ڈیٹا میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ ان میں سے بھی محض 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے ہیں۔ بیشتر جیولرز اپنی اصل آمدنی کم ظاہر کرکے ٹیکس چھپا رہے ہیں۔

ایف بی آر نے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کر لی ہے جن کا تعلق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سے ہے۔ ان تاجروں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی جا رہی ہے کہ جب ان کی سیل کروڑوں روپے میں ہے تو ٹیکس اتنا کم کیوں ادا کیا گیا۔

حکام کے مطابق متعدد جیولرز کے ٹیکس ریٹرنز ان کی دکانوں کے حجم، خرید و فروخت اور رہن سہن کے معیار سے مطابقت نہیں رکھتے۔اسلام آباد کی ایک ہی مارکیٹ میں ایسے 50 جیولرز کی نشاندہی ہوئی ہے جو اپنی اصل آمدنی چھپا رہے ہیں۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ بلاوجہ کسی تاجر یا صنعتکار کو نوٹس نہیں بھیجا جائے گا لیکن ٹیکس چوری کرنے والوں کو ہر حال میں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق ہزاروں جیولرز اب تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوئے اس لیے مرحلہ وار کارروائی کے ذریعے انہیں ٹیکس نیٹ کا حصہ بنایا جائے گا اور چوری کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US