کوئٹہ میں بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج کے خودکش حملے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔ جوابی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے تاہم 5 معصوم شہری شہید اور 19 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکا ہوا جس کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ایف سی کی وردی پہن رکھی تھی اور وہ ہیڈکوارٹر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے منصوبہ ناکام بنا دیا۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان کے مطابق شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اضافی ڈاکٹروں و طبی عملے کو طلب کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں زوردار دھماکے کے بعد جائے وقوع سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے جب کہ قریب سڑک پر موجود کئی گاڑیاں بھی دھماکے سے متاثر ہوئیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جوانوں کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملہ ناکام بنایا۔ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف سی کے جوانوں نے پیشہ وارانہ مہارت اور دلیری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور قوم کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں پر فخر ہے جو اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ملک و قوم کے دفاع میں ہمہ وقت سرگرم ہیں۔
محسن نقوی نے حملے میں زخمی ہونے والے ایف سی کے دو جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئےدہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔ عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان کو پرامن و محفوظ بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی و زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔