پاکستان کی امریکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کی کوششیں، واشنگٹن میں کانفرنس کا اعلان

image

پاکستان نے امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور امریکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے نئی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اس ماہ کے آخر میں واشنگٹن میں ایک انویسٹر کانفرنس منعقد کی جائے گی تاکہ توانائی، مائننگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا جا سکے۔

بلومبرگ نیوز کو اسلام آباد میں دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے بہت واضح طور پر وہ شعبے منتخب کرلیے ہیں جہاں ہمیں امریکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور جہاں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بھی موجود ہے۔ امریکا کے ساتھ یہ عمل ابھی آغاز کے مرحلے میں ہے لیکن ہم اسے آگے بڑھا رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں صدر ٹرمپ نے دونوں رہنماؤں کو ”بہت عظیم شخصیات“ قرار دیا۔ اس ملاقات کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان فوجی اور معاشی تعلقات میں بہتری کا نیا دور شروع ہوا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق حالیہ پیش رفت کی ایک بڑی وجہ نیا تجارتی معاہدہ ہے جس کے تحت امریکا نے پاکستان پر 19 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے۔ یہ شرح خطے کے دیگر ممالک خصوصاً بھارت پر عائد ڈیوٹی سے نمایاں طور پر کم ہے، جس سے پاکستان کو برآمدات میں مسابقتی برتری ملی ہے اور ملکی معیشت بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان پروگرام کے اہداف پر کامیابی سے عملدرآمد کر رہا ہے۔ اسی تناظر میں عالمی ریٹنگ ایجنسیز ایس اینڈ پی گلوبل، فِچ اور موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں نمایاں بہتری کی ہے۔ ان ایجنسیز نے بہتر مالی نظم و نسق، محصولات میں اضافے اور معاشی استحکام کو اپنی اپ گریڈنگ کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر پاکستان واشنگٹن میں ہونے والی مجوزہ سرمایہ کاری کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کرتا ہے تو نہ صرف امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ توانائی، معدنیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US