کراچی: گلبرگ ٹاؤن تھانہ تیموریہ کی حدود حیدری بلاک ایچ گجر نالہ بنگالی پاڑا کے قریب اور گلستان جوہر سے 2 انسانی سر ملنے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں ، گذشتہ روز ملنے والی سربریدہ لاش کا تاحال سر نہیں مل سکا۔
نارتھ ناظم آباد بلاک ایل عرفات ٹاؤن کے قریب گجر نالے سے گزشتہ روز مرد کی سر کٹی لاش ملی تھی۔ لاش بوری میں ڈال کر نالے میں پھینکی گئی تھی، مقتول کی عمر 25 سال بتائی جاتی ہے۔
نامعلوم سر کٹی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال متقل کیا گیا تھا۔ جہاں ایم ایل او علی محبوب نے رپورٹ میں بتایا کہ متوفی کو تیز دھار آلے سے گردن کاٹ کر قتل کیا گیا ہے، لاش کو چھیپا سرد خانے شاہراہ فیصل پر منتقل کردیا گیا جبکہ واقعہ کی ایف آئی آر سرکار مدعیت میں تیموریہ تھانے میں درج کرلی گئی ہے۔ اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
بدھ کی صبح پہلوان گوٹھ میں بھی ایک بیگ سے انسانی سر ملا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہر کے دو تھانہ جات کی حدود سے ملنے والے سروں کی تاحال لاشیں نہیں ملی ہیں جبکہ ملنے والے دونوں سروں میں سے کوئی بھی سر تیموریہ سے ملنے سربریدہ لاش کا نہیں ہے، مذکورہ صورتحال میں پولیس کو دو مزید سربریدہ لاشوں کی تلاش ہے۔